ہر جماعت کتاب وسنت کی دعوت کا دعویٰ کرتی ہے، ہم کیسے جانیں کہ کون حق پر ہے؟ – شیخ ربیع بن ہادی المدخلی

Every Jamat claims to call towards the Qur’an & Sunnah, how do we know who is upon Truth? – Shaykh Rabee bin Hadee Al-Madkhalee

بسم اللہ الرحمن الرحیم

سوال: بہت سے اسلامی جماعتیں اسی طرح سے بعض افراد یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ بلاشبہ وہ کتاب وسنت کی طرف ہی دعوت دیتے ہیں، آخر وہ کیا ضابطہ ہے جو اس دعوے میں سچے اور اس کے علاوہ میں تمیز کرسکے؟

جواب: جی، روافض بھی دعویٰ کرتے ہيں کہ یقیناً وہ کتاب وسنت کی طرف دعوت دیتے ہیں، اسی طرح سے قبرپرست لوگ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ بلاشبہ ہم بھی کتاب وسنت کی طرف ہی دعوت دیتے ہیں، اور جو احزاب (دینی جماعتیں اور تنظیمیں) ہيں ان میں سے بہت سی یہی دعوی کرتی ہیں کہ ہم کتاب وسنت کی طرف دعوت دیتے ہیں۔

اس میں جو اصل میزان ہے وہ فہم سلف ہے کہ ہم اس کی جانب رجوع کریں نصوص کی تفسیر کے بارے میں۔ کتاب اللہ کی اور سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تفسیر کے لیے اس کی طرف رجوع کریں۔

ہوسکتا ہے وہ آپ سے کہے کہ میں دعوت الی اللہ کرتا ہوں لیکن حال یہ ہے کہ وہ کہتا ہے کہ اللہ ہر جگہ ہے! اور اس آیت:

﴿اَلرَّحْمَنُ عَلَي الْعَرْشِ اسْتَوٰى﴾ (طہ: 5)

(وہ رحمٰن ہے جو عرش پر مستوی (بلند) ہوا)

کا معنی کرتا ہے استولیٰ(قابض ہوا)! اور(کہتا ہے) اللہ تعالی تمہارے ساتھ ہے جہاں کہیں بھی تم ہو (قرآن میں ہے)! تو ہم اس سے کہیں گے کہ آؤ ہم فہم سلف کی طرف لوٹیں اس بارے میں، اور جو استواء کے متعلق آیات اور احادیث ہیں، اور جو سلف صالحین کا فہم ہے، تفسیر ابن جریر کی طرف، تفسیر ابن کثیر، تفسیر البغوی، تفسیر ابن ابی حاتم اور اس جیسی تفاسیر کی طرف تاکہ ہم تمیز کرسکیں ان میں کہ جو حق پر ہیں اور (جو جھوٹا ہے اپنے دعوے میں)۔ اس موقع پر ان کے تمام باطل دعوے گر جائيں گے، اور حق وباطل میں اسی طرح سے اہل حق و اہل باطل میں فرقان ظاہر ہوگا۔۔۔

جواب کا ایک جزء ہم نے مکمل کیا، اب میں چاہتا ہوں کہ اسے مکمل کرلوں، اور وہ یہ کہ ہم صحیح البخاری کی طرف رجوع کریں، اور جو اس میں کتاب الایمان، کتاب الاعتصام، کتاب التوحید ہیں، اسی طرح سے کتاب الاتباع جو کہ امام ابن ماجہ رحمہ اللہ نے اپنی کتاب کے مقدمے میں ذکر فرمائی ہے، اسی طرح سے کتاب السنۃ جو سنن ابی داود میں ہے کتاب کے آخر میں، اور شرح السنۃ للبغوی کی طرف رجوع کریں، اور خلق افعال العباد للبخاری، رد عثمان بن سعید الدارمی علی بشر المریسی، شرح اصول اعتقاد اھل السنۃ لللالکائی اور الشریعۃ لآجری اور اس جیسی کتب کی طرف رجوع کریں۔ اگر ہم انہیں اچھی طرح سے سمجھ لیں گے تو ہم عنقریب اہل حق واہل باطل میں تمیز کرسکیں گے۔ اس پر ان باتوں کا بھی اضافہ کرلیں جن کا ذکر ہم نے جواب کے شروع میں کیا۔


[اس سے یہ بھی معلوم ہوا جو بعض لوگ دعوی کرتے ہیں کہ سلف صالحین کی اپنی عقیدے پر لکھی ہوئی کتابیں الگ چیز ہے اور براہ راست قرآن و سنت الگ چیز ہیں، کیونکہ جس طرح اوپر سلف کی عقیدے کی کتب کا ذکر ہے، اسی طرح سے خود احادیث کی اولین کتابوں جیسے بخاری وغیرہ میں خود عقیدے کی کتاب کے نام سے عناوین قائم ہيں جن میں احادیث کے ساتھ بدعتی فرقوں کا رد کیا گیا ہے] (مترجم)

ترجمہ: طارق علی بروہی

مصدر: وجوب الاعتصام بالكتاب والسنة۔