مرض عشق کا علاج – شیخ الاسلام ابن تیمیہ

The Cure to the Disease of ‘Ishq – Imaam Ibn Taymiyyah

بسم اللہ الرحمن الرحیم

شیخ الاسلام امام احمد بن عبدالحلیم بن تیمیہ  رحمہ اللہ سے اس شخص کا علاج پوچھا گیا کہ جو شیطان کے مشہور ترین تیروں میں سے ایک تیر ”عشق“ کا شکار ہوگیا ہو؟

آپ نے جواب ارشاد فرمایا:

جو اس زہریلے زخم میں مبتلا ہوگیا ہو تو اسے چاہیے کہ مندرجہ ذیل کام کرے جس سے اس زہر کو کشید کیا جاسکے اور تریاق ومرہم کے ذریعہ زخم مندمل ہوجائے:

اول: اسے چاہیے کہ شادی کرلے یا لونڈی رکھ لے، کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

’’إذا نظر أحدكم إلى محاسن امرأة فليأت أهله ; فإنما معها مثل ما معها‘‘ ([1])

(جب تم میں سے کوئی کسی عورت کے محاسن دیکھ لے تو اسے چاہیے کہ اپنی بیوی کے پاس آئے (اور ضرورت پوری کرے)، کیونکہ اس کے پاس بھی وہی کچھ ہے جو دوسری کے پاس ہے)۔

 اور یہ بات اس کی شہوت کو توڑ دے گی اور عشق کو کمزور کردے گی۔

دوم: پنج وقتہ نماز کی پابندی کرے اور سحری کے وقت اللہ تعالی سے دعاء والحاء وزاری کرے۔ لازم ہے کہ اس کی نماز حضورِقلب اور خشوع وخضوع کے ساتھ ہو۔ اور کثرت کے ساتھ یہ دعاء پڑھے:

’’يَا مُقَلِّبَ الْقُلُوبِ، ثَبِّتْ قَلْبِي عَلَى دِينِكَ يا مصرف القلوب صرف قلبي إلى طاعتك وطاعة رسولك‘‘([2])

(اے دلوں کو پھیرنے والے میرے دل کو اپنے دین پر ثابت قدم رکھ، اے دلوں کو پھیرنے والے میرے دل کو اپنی اور اپنے رسول  کی اطاعت کی طرف پھیر دے)۔

 پھر جب وہ دعاء کا عادی ہوجائے گا اور اللہ تعالی کے لئے تضرع والحاء وزاری کرے گا  تو اللہ تعالی یقینا ًاس کا دل اس سے پھیر دے گا جیسا کہ اللہ تعالی نے (یوسف علیہ الصلاۃ والسلام کے متعلق) فرمایا:

﴿كَذٰلِكَ لِنَصْرِفَ عَنْهُ السُّوْءَ وَالْفَحْشَاءَ  ۭ اِنَّهٗ مِنْ عِبَادِنَا الْمُخْلَصِيْنَ﴾ 

(اسی طرح سے ہم نے ان سے برائی اور فحاشی کو پھیر دیا کیونکہ وہ ہمارے مخلص بندوں میں سے تھے)

(یوسف: 24)

سوم: اس شخص (یعنی معشوق) کے مسکن وگھر سے اور جس سے اس کا ملنا جلنا ہو اس سے ملنے جلنے سے دور رہے، اس طور پر کہ اس کی کوئی خیر خبر اس کے کانوں سے نہ ٹکرائے، نہ ہی اس کی نظر کبھی اس  پرپڑے نہ اس کے آثار و نشانیوں پر۔ کیونکہ دوری اختیار کرنا جفا(بے رخی، ہجر و جدائی)  ہے ۔ اور جب اس کا ذکر ہی کم ہوجائے گا تو اس کا اثر دل پر کمزور ہوتا جائے گا۔

اور اسے چاہیے کہ (یہ سب کرنے کے بعد) نوٹ کرے کس طرح اس کے حالات کی تحدید ہوتی ہے۔ واللہ اعلم


[1] صحیح ترمذی 1158 کے الفاظ ہیں:

’’إِنَّ الْمَرْأَةَ إِذَا أَقْبَلَتْ أَقْبَلَتْ فِي صُورَةِ شَيْطَانٍ، فَإِذَا رَأَى أَحَدُكُمُ امْرَأَةً فَأَعْجَبَتْهُ، فَلْيَأْتِ أَهْلَهُ فَإِنَّ مَعَهَا مِثْلَ الَّذِي مَعَهَا‘‘

(جب عورت آتی ہے تو بصورت شیطان آتی ہے، پس اگر تم میں سے کوئی ایسی عورت دیکھ لے جو اسے اچھی لگے، تو اسے چاہیے کہ اپنی بیوی کے پاس آئے (اور ضرورت پوری کرے) کیونکہ اس کے پاس بھی وہی چیز موجود ہے جو دوسری عورت کے پاس ہے)۔

(مترجم)

[2] صحیح ترمذی 3522 کے الفاظ صرف یہ ہیں: ’’ يَا مُقَلِّبَ الْقُلُوبِ، ثَبِّتْ قَلْبِي عَلَى دِينِكَ‘‘۔ (مترجم)

ترجمہ: طارق بن علی بروہی

مصدر: مجموع فتاوی ابن تیمیہ ج 32 کتاب النکاح کا پہلا سوال ص 5-6۔