کرسمس کی مبارکباد دینے کا شرعی حکم؟ – امام ابن القیم الجوزیہ

امام ابن القیم رحمہ اللہ اپنی کتاب  ’’أحكام أهل الذمة‘‘   میں فرماتے ہیں:

کافروں کے مخصوص شعائر وتہواروں میں انہیں مبارکباد دینا حرام ہے جیسے ان کی عید یا ان کے روزوں کے موقع پر کہنا کہ آپ کو عید مبارک ہو وغیرہ۔ ایسا کام کرنے والے پر اگرچہ کفر کا فتوی نہ بھی لگے لیکن پھر بھی بہرحال یہ محرمات میں سے تو ہے۔ یہ تو ایسا ہے کہ جیسے کسی کو صلیب کو سجدہ کرنے پر مبارکباد دی جائے اور ایسی مبارکباد تو کسی کو شراب نوشی، ناحق قتل کرنے اور زنا کرنے پر مبارکباد دینے سے بھی بدتر فعل ہے۔ لیکن بہت سے ایسے لوگ جودین کو کوئی وقعت نہیں دیتے اس قسم کے امور میں واقع ہوتے ہیں، اور اپنے اس فعل کی قباحت تک سے ناآشنا ہوتے ہیں۔ چنانچہ جس شخص نے بھی کسی بندے کو گناہ، بدعت یا کفر پر مبارکباد دی تو گویا اس نے اللہ کے غیض وغضب کا اپنے آپ کو حقدار ٹھہرا لیا۔

مزید فرماتے ہیں:

اہل علم كا اتفاق ہے كہ مسلمانوں كےليے مشركوں كی عيدوں ميں شركت كرنا جائزنہيں ہے، اور مذاہب اربعہ كےفقہاء نےبھی اپنی كتب ميں اس كی صراحت كی ہے…. اور امام بيہقی رحمہ اللہ نےصحيح سند كےساتھ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روايت كيا ہے كہ عمر رضی اللہ عنہ نے كہا:

’’وَلا تَدْخُلُوا عَلَى الْمُشْرِكِينَ فِي كَنَائِسِهِمْ يَوْمَ عِيدِهِمْ، فَإِنَّ السَّخْطَةَ تَنْزِلُ عَلَيْهِمْ‘‘([1])

(مشركوں كی عيد كےدن ان كےگرجا گھروں(چرچ)  ميں مشركوں كےپاس نہ جاؤ كيونكہ ان پر(اللہ کی)  ناراضگی اور غصہ نازل ہوتا ہے)۔

اور عمر رضی اللہ عنہ كا يہ بھی قول ہےكہ:

’’اجْتَنِبُوا أَعْدَاءَ اللَّهِ فِي عِيدِهِمْ‘‘([2])

(اللہ كےدشمنوں سےان كی عيدوں ميں اجتناب كيا كرو)۔

اور امام بيہقی رحمہ اللہ نے عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما سے جيد سند كےساتھ روايت كيا ہے كہ انہوں نےفرمایا:

’’من مَرَّ ببلاد الأعاجم فصنع نيروزهم ومهرجانهم وتشبه بهم حتى يموت وهو كذلك حشر معهم يوم القيامة‘‘([3])

(جو كوئی بھی عجميوں كےملك سےگزرا اور اس نےان كے نيروز اور مہرجان([4]) كےجشن منائے اورموت تك ان سے مشابہت اختيار کیے رکھی تو وہ روز قيامت بھی ان كے ساتھ اٹھايا جائےگا)۔

مصدر: أحكام أهل الذمة ج 2 ص 347-348


[1] السنن الکبری للبیھقی 9/234۔

[2] السنن الکبری للبیھقی 9/234۔

[3] السنن الکبری للبیھقی 9/234 میں یہ الفاظ ہیں: ’’مَنْ بَنَى بِبِلادِ الأَعَاجِمِ وَصَنَعَ نَيْرُوزَهُمْ وَمِهْرَجَانَهُمْ وَتَشَبَّهَ بِهِمْ، حَتَّى يَمُوتَ، وَهُوَ كَذَلِكَ حُشِرَ مَعَهُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ‘‘۔

[4] جسے فارسی مجوس اور ایرانی مناتے ہیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*