کیا ماہ ذوالقعدہ کی کوئی امتیازی فضیلت ثابت ہے؟ – شیخ صالح بن فوزان الفوزان

Does the month of Dhul-Qa’dah hold any special distinction? – Shaykh Saaleh bin Fawzaan Al-Fawzaan

بسم اللہ الرحمن الرحیم

سوال: ہم ذوالقعدہ کے مہینے میں ہيں جو کہ حج کے اور حرمت والے مہینوں میں سے ہے۔ میرا سوال ہے کہ: اس ماہ میں کونسے اعمال مشروع ہیں اور کیا اس کی کوئی امتیازی فضیلت ثابت ہے؟

جواب: فضیلت تو یہی ہے کہ یہ حرمت والے مہینوں میں سے ہے۔ اور ان حرمت والے مہینوں میں تو اللہ تعالی نے اسلام سے قبل بھی جنگ وقتال حرام قرار دیا تھا پھر جب اسلام آیا تو سب اسلام وسلامتی اور امن وایمان ہوگیا الحمدللہ۔ مسلمانوں کو ضرورت ہے اس بات کی کہ وہ چوکناہوجائیں ان خطرات سے جو انہيں دائیں بائیں سے گھیرے ہوئے ہيں خصوصاً جب کہ شرپسند افکار پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ خفیہ ودقیق وسائل کے ذریعے پھیلائے جارہے ہيں۔ پس اس قسم کے افکار، شر اور ان کے خطرات سے بچاؤ کو یقینی بنائیں جس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اس  کی ضد میں جو حق بات ہے اسے پھیلایا جائے۔ اللہ تعالی کا فرمان ہے:

﴿وَقُلْ جَاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ ۭ اِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوْقًا﴾ 

(اور کہہ دیں کہ حق آگیا اور باطل مٹ گیا، بےشک باطل تو مٹنے ہی والا تھا)

(الاسراء: 81)

اور فرمایا:

﴿بَلْ نَقْذِفُ بِالْحَقِّ عَلَي الْبَاطِلِ فَيَدْمَغُهٗ فَاِذَا هُوَ زَاهِقٌ﴾  

(بلکہ ہم حق کو باطل پر پھینک مارتے ہیں تو وہ اس کا دماغ کچل دیتا ہے، پس اسی وقت وہ مٹ کر نابود ہوجاتا ہے)

(الانبیاء: 18)

چنانچہ ہمارے پاس الحمدللہ ایسے زبردست ہتھیار ہیں جو ان افکار کو اور مسلمانوں کے خلاف منصوبہ سازیوں کو تہس نہس کرسکتے ہیں۔ ہمارے پاس وہ حق ہے جو آسمان سے اللہ تعالی کی طرف سے نازل ہوا ہے اور باطل ہرگز بھی حق کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ ہاں البتہ حق کو ضرورت ہوتی ہے ایسے لوگوں کی جو سچائی اور امانت کے ساتھ اس کے حاملین ہوں، پس جب وہ اسے سچائی اور امانت کے ساتھ اٹھائیں گے تو کبھی بھی باطل حق کے سامنے ٹھہر نہيں سکتا۔ پس ہمارے پاس تیاری ہے الحمدللہ کتاب وسنت اور سلف صالحین کے طریقے پر  مبنی ایسی کافی شافی تیاری ہے جس کے ذریعے ان مختلف انحاءِ عالم سے درآمد شدہ افکار  کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

ترجمہ: طارق بن علی بروہی

مصدر: شیخ کی آفیشل ویب سائٹ سے فتوی (مزية شهر ذي القعدة)

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*