
The First 10 Days of Ramadan has Gone so Preserve the Rest of it – Shaykh Saaleh bin Fawzaan al-Fawzaan
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اے لوگو! اللہ سے ڈرو، آپ کے اس ماہ مبارک کا پہلا عشرہ گزر چکا ہے، اور آپ درمیانی عشرے کی شروعات میں ہيں، پھر کچھ عرصہ نہیں بیت پائے گا کہ آپ آخری عشرے میں ہوں گے، پھر آخرکار یہ مہینہ ختم ہوجائے گا۔
تو چاہیے کہ آپ دیکھیں اس میں کیا کچھ اعمال صالحہ میں سے آپ نے کیا ہے، سوچیں کن اعمال کے ساتھ گزرا جو کچھ اس میں سے گزر چکا اور جتنا باقی ہے اس میں کیا کچھ کریں گے۔ اپنے بارے میں سوچیں، جو کوئی اچھائی کرتا رہا تو اسے جاری رکھے اور احسن طور پر اسے پایۂ تکمیل تک پہنچائے۔ اور جو کوئی کوتاہی اور غفلت میں پڑا رہا تو وہ اللہ کے حضور توبہ کرے جو کچھ ہو گزرا اور اس کمی کو جو کچھ باقی رہ گیا ہے اس میں پورا کرے، کیونکہ اعمال کا دارومدار خاتمے پر ہے۔
اللہ سے ڈرو، ایک اللہ کے بندو! اپنے اس مہینے کی حفاظت کیجئے جسے اللہ نے آپ کے لیے آپ کی زندگی میں ایک غنیمت بناکردیا ہے تو اسے ضائع نہ کریں۔ یہ عظیم مہینہ ہے۔ یہ روزوں اور قیام اللیل کا مہینہ ہے۔ اس میں جہنم کے آگ کے دروازے بند ہوجاتے ہیں، اور اس میں جنتوں کے دروازے کھل جاتے ہيں، اور اس میں شیطان کو جکڑ دیا جاتا ہے۔ اور کہا جاتا ہے اے خیر کے طلبگار! آگے بڑھ، اور اے برائی کے طلبگار! باز آجا۔ اور یہ ہر رات ہوتا ہے پس چاہیے کہ اس اللہ کی طرف بلانے والے کا کہا مان لو۔
اے اللہ کے بندو! اپنی غفلت اور لاپرواہی میں چلتے نہ رہو، کیونکہ عمر مختصر ہے، اور مدت محدود ہے، جبکہ عمل محفوظ ہوتا ہے، اور آپ سب کا حساب ہونا ہے اور بدلہ ملنا ہے۔ لہذا اپنے انجام کا تصور کرو، اور اپنے اعمال کی اصلاح کرو۔
ہم اللہ عزوجل سے دعاء کرتے ہيں کہ وہ ہمیں اور آپ کو توفیق دے اس ماہ مبارک میں اور اس کے علاوہ بھی اپنے اعمال کے لحاظ سے ہم اچھے قول و عمل پر چلیں۔
ترجمہ: طارق بن علی بروہی
مصدر: حافظوا على شهركم فقد مضت عشرة الأول۔
یوٹیوب